عصر کے بعد استاد جی کے ساتھ چہل قدمی اور ان کی حکمت بھری گفتگو جاری تھی کہ ایک دم انہوں نے مجھ سے پوچھا کیا تم نے ایسا بدنصیب شخص دیکھا ہے جو ایک سمجھ میں نہ آنے والی اذیت ناک بیماری میں مبتلا ہے اورلوگ اس کی مشکل آسان ہونے کے دعائیں کرنے کی بجائے اس کی زندگی کی دعا محض اس لیےکررہے ہیں کہ وہ تا حشرعبرت کی تصویر بنا رہے؟ میں سوچ میں پڑ گئی ، الآمان الحفیظ اس سوچ سے ہی روح کانپ جاتی ہے کہ لوگ آخر اس کو اذیت میں مبتلا دیکھ کر کیوں سکون محسوس کر رہے ہیں ؟ بے شک دنیا فانی ہے ، کسی نے یہاں نہیں رہنا ،موت دنیا کا وہ سچ ہے جس سے کسی کو انکار نہیں۔ رب کائنات ارشاد فرماتے ہیں”تم جہاں کہیں بھی رہو موت تم کو پالے گی اگر چہ تم مضبوط قلعوں میں بند ہو(النساءآیت نمبر ۸۷) سورت اعراف میں ارشاد خداوندی ہے ہرگروہ کے لئے موت کا ایک وقت مقرر ہے جب ان کا وقت آجاتا ہے تو نہ ایک ساعت آگے جاتا ہے اور نہ ایک ساعت پیچھے۔ سورہ جمعہ میں ارشادی باری تعالی ہے ”آپ فرمادیجئے؛جس موت سے تم بھاگتے ہو وہ تمہیں آ پکڑے گی پھر تم اس ذات کی طرف لوٹائے جاو گے جو ہر پوشیدہ اور ظاہر کو جاننے والی ...